ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے افسران کو ہدایت 

خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے افسران کو ہدایت 

Sun, 07 May 2017 02:05:07    S.O. News Service

بنگلورو:6/مئی(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیا نے تمام اضلاع کے انچارج سکریٹریوں کو سخت تاکید کی ہے کہ خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کا وہ مسلسل دورہ کرتے رہیں اور حکومت کی طرف سے راحت رسانی کیلئے جو بھی قدم اٹھائے جارہے ہیں ان کو بروقت نافذ کریں۔اس میں کسی بھی طرح کے تساہل کوبرداشت نہیں کیا جائے گا۔ ساتھ ہی حکومت کی طرف سے کی جارہی راحت رسانی میں کسی بھی طرح کی بدعنوانی یا بے قاعدگی یا پھر حکومت کی طرف سے دی جارہی مدد کو مستحقین تک نہ پہنچانے کو جرم قرار دیتے ہوئے خاطیوں پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ آج اضلاع کے انچارج سکریٹریوں کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ سرکاری پروگراموں کے نفاذ میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کسی بھی طرح کی کوتاہی حکومت برداشت نہیں کرے گی، اگر کوئی کوتاہی سامنے آئی تو اس کیلئے اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں، انچارج سکریٹریوں اور ضلع پنچایت سی ای او کو ذمہ دار قرار دیا جائے گا۔ انہوں نے اضلاع کے انچارج سکریٹریوں سے کہاکہ وہ ماہانہ ایک مرتبہ اپنے ضلع میں خشک سالی سے متاثرہ دیہاتوں کا دورہ کریں اور یہاں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیں۔ ڈپٹی کمشنر اور ضلع پنچایت سی ای او کے ساتھ ان کی پیش رفت کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہاکہ مقامی سطح پر ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جو بھی قدم اٹھائے گئے ہیں اور ساتھ ہی جو بھی اقدامات راحت کاری کیلئے درکار ہیں ان کی تفصیل یکجا کرکے حکومت کو روانہ کی جائے۔ ریاست کے 160تعلقہ جات خشک سالی سے متاثرہ قرار دئے گئے ہیں۔ انچارج سکریٹریوں پر لازمی ہے کہ اپنے ضلع میں آنے والے ان تعلقہ جات کا دورہ کریں یہاں جانوروں کیلئے چارہ، پینے کا پانی اور دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہاکہ مالی مجبوریوں کے سبب جن کسانوں نے خود کشی کرلی ہے ان کے ورثاء کو بروقت معاوضہ پہنچانا سرکاری افسران کی ذمہ داری ہے اس میں کوتاہی کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا۔


Share: